پارٹی آف دی ریڈیکل لیفٹ سن 2020 میں ایک ایسی پارٹی کے طور پر قائم ہوئی جو ایک سوشلسٹ معاشرے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ معاشرہ برابری، یکجہتی، آزادی، جمہوریت، بین الاقوامیت، سامراج مخالف اور فاشزم مخالف اصولوں پر قائم ہو، ایک ایسا معاشرہ جس میں انسانوں کو منافع سے زیادہ اہمیت حاصل ہو۔ ہم سربیا کے لیے ایک سیکولر جمہوریہ کی حمایت کرتے ہیں جہاں استحصال سے پاک باعزت روزگار، سر پر چھت، صحت بخش غذا اور ماحول، مفت علاج اور تعلیم، صنفی مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت ہو۔
پارٹی آف دی ریڈیکل لیفٹ سے قبل سوشلسٹ ڈیموکریٹک یونین (ایس ڈی یو) تھی، جس کی بنیاد 1996 میں ایک بائیں بازو کی، اپوزیشن، جمہوری، قوم پرستی مخالف اور یورپ نواز پارٹی کے طور پر رکھی گئی۔ پچھلے برسوں میں ایس ڈی یو کی رکنیت اور قیادت نے اس حقیقت کو محسوس کیا کہ اب بائیں بازو کی جانب ایک مضبوط اور بنیادی تبدیلی کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ چنانچہ انہوں نے ملک بھر میں مختلف بائیں بازو کی قوتوں، محنت کشوں، طلباء و طالبات، اور سماجی کارکنان کو اکٹھا کیا جو سر پر چھت، قدرتی وسائل، مزدوروں کے حقوق اور مفت تعلیم کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔ 2018 میں سوشلسٹ ڈیموکریٹک یونین کی جانب سے بائیں بازو کی قوتوں کو متحد ہونے کی دعوت کے بعد یہ عمل مزید تیز ہوگیا۔ 2019 میں، ایس ڈی یو کے اراکین نے DiEM25 اور سربیا کے سابقہ “لیفٹ سمٹ” کے اراکین کے ساتھ مل کر گزشتہ تیس برسوں میں سربیا کی پہلی سنجیدہ بائیں بازو کی پارٹی کی تشکیل کے لیے مزید اقدامات کیے۔ ستمبر 2020 میں، کانگریس نے ’پارٹی آف دی ریڈیکل لیفٹ‘ کا نام، نیا پروگرام منظور کیا اور نئی قیادت کا انتخاب کیا۔
پارلیمانی جدوجہد کے پیشِ نظر، یہ پارٹی ان تجربات پر انحصار کرتی ہے جو فیکٹریوں اور شاہراہوں پر حاصل کیے گئے، برسہا برس میں جمع ہونے والی معلومات، محکوم و مجبور عوام سے براہِ راست رابطے اور پیشہ ورانہ تنظیموں کے تعاون پر، تاکہ ایک زیادہ منصفانہ معاشرے کے قیام کے لیے جامع جدوجہد کو آگے بڑھایا جاسکے۔